۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
خواتین

حوزہ/ شعبۂ تحقیق خواتین کی رکن خانم شگفتہ زہرا عابد شگری نے کہاکہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے جن ہستیوں کو بنی آدم کے لئے سر مشق و نمونۂ عمل بنایا ہے ان میں سے ایک ہستی حضرت فاطمہ (س) ہیں آپ صنف نسواں میں اسلام کی تنہا با عصمت خاتون ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمی یوم خواتین کے موقع پر مجمع طلاب شگر قم خواتین کے شعبۂ تحقیق کی جانب سے تقریب اور مجموعۂ مقالہ جات کی اشاعت کا پروگرام منعقد ہوا۔ جس سے شعبۂ تحقیق کی رکن خانم شگفتہ زہرا عابد شگری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے جن ہستیوں کو بنی آدم کے لئے سر مشق و نمونۂ عمل بنایا ہے ان میں سے ایک ہستی حضرت فاطمہ (س) ہیں آپ صنف نسواں میں اسلام کی تنہا با عصمت خاتون ہیں کہ آپ کی پاکیزگی کتاب اللہ اور کلام معصومینؑ سے نہ صرف ثابت ہے بلکہ ان کی عصمت اہل بیتؑ کی عصمت کی مانند لا محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ پروردگار عالم کے جمال و جلال کا آئینہ اور مرد و خواتین دونوں کے لئے آپ سلام اللہ علیہا کی ذات میں بہترین اسوۂ حسنہ ہے۔

خواتین کے شعبۂ تحقیق کی رکن نے حضرت امام خمینی (رح) کی طرف سے ولادت با سعادت بی بی دوعالم کو عالمی یوم خواتین قرار دینے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حضرت زہرا (س) کے یوم ولادت کو امام خمینی علیہ الرحمہ نے «عالمی یوم خواتین »قرار دیا ہے،تاکہ آج کی اسلامی خواتین ،حضرت زہرا (س) کی سیرت،کردار اور تعلیمات کے سایے میں اپنامقام، حقوق اور ذمہ داریوں کو سمجھ کر ان پر عمل پیرا ہوں، لہٰذا حضرت زہرا (س) کی سیرت وکردار کے مختلف پہلوؤں سے آگاہی اور اسلامی تعلیمات اور سیرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی روشنی میں عورت کے مقام وحقوق اور ذمہ داریوں پر بحث کرنا بھی لازم ہے،تاکہ آج کی عورت اپنے مقام واہمیت کو سمجھ سکے۔

خواہر شگفتہ زہرا نے مجمع طلاب شگر شعبۂ خواتین کی جانب سے مقالات اور مذکورہ موضوعات کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ مجمع طلاب شگر شعبۂ خواتین نے «اسلامی تہذیب ثقافت میں خواتین کے مقام»اور «سیرتِ زہرا نمونۂ عمل» کے عنوان پر دو مقالہ نویسی کا اہتمام کیا اور اہل قلم خواتین کو مختلف موضوعات پر مضامین ومقالات لکھنے کی ترغیب دلائی اور اسلامی اسکالرز نے احساس ذمہ داری کرتے ہوئے مخلصانہ طور پر سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور خواتین سے متعلق مختلف پہلوؤں پر مضامین اور مقالات پیش کئے۔اہل قلم کی ان کاوشوں اور تحقیقات کو دو مجموعۂ مقالات«سیرت زہرا سلام اللہ عیہا نمونۂ عمل» اور «اسلام میں خواتین کے مقام،حقوق اور ذمہ داری»کی شکل میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔

انہوں نے عصر حاضر میں سیدۃ نساء العالمین کے بارے میں تحقیق اور سیرت وکردار کے حوالے سے کہا کہ اگرچہ عصر حاضر میں خواتین مختلف شعبوں میں مختلف سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس پرآشوب دور میں بالخصوص خواتین کے لئے ضروری ہے کہ وہ سیدہ کونین کی حیات طیبہ کے مختلف ابعاد پر گفتگو کریں،تاکہ آج کی خواتین آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت کو درک اور عمل کرتے ہوئے مادی اور معنوی کمالات کو حاصل کرسکیں کیونکہ تربیت کی اصل ذمہ داری خواتین پر ہے لہذا اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کو بھی سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت سے آگاہ کروائیں۔

آخر میں انہوں نے ان دونوں مجموعے میں مضامین ومقالات ارسال کرنے والی تمام خواتین مقالہ نگاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم تہہ دل سے ان تمام اسلامی اسکالرز اور دینی طالبات کے قدردان ہیں جنہوں نے سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور اسلامی تہذیب وثقافت میں خواتین کے مقام کے عنوان پر اپنی تحقیق ہمیں بھیجی، ان شاء اللہ اس نیک امر کا اجر خدا کی بارگاہ میں محفوظ ہے اور میں امید کرتی ہوں کہ اس اہم موضوع پر تحقیقات کابسلسلہ مزید دقت اور گہرائی کے ساتھ جاری وساری رہے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .